ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے کرونا وائرس کی تیسری لہر سے بچاؤ کے پیش نظر ماہ رمضان گزارنے کے لیے ایس او پیز کو تشکیل دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق مسجدوں بازاروں اور مزاروں کے اندر جانے سے پہلے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور مسجدوں میں جانے سے پہلے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ کھانسی اور بخار اور دیگر وبائی بیماریوں کے شکار افراد اپنے گھر میں ہی عبادات کیا کریں گے۔ 60 سال سے زائد عمر والے افراد کرونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مسجد میں نماز ادا کرسکیں گے جبکہ مسجدوں میں سحری اور افطاری کا اہتمام کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید لکھا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ہدایات کو مناسب مقامات پر آویزاں کیا جائے گا۔ مساجد اور بازاروں میں آنے اور جانے کے لئے الگ الگ راستے بنائے جائیں گے۔ مساجد اور دیگر عبادتیں مقامات میں صحن یا پھر کھلی جگہوں پر عبادات کی جائیں گی تاہم مسجد نے میں نماز ادا کرنے سے پہلے نمازیوں کے لئے 3 فٹ کے فاصلے پر نشان لگا کر جگہ واضح کردی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق مسجدوں میں صفوں پر نماز پڑھنے پر پابندی ہوگی تاہم فرش پر نماز ادا کی جائے گی لیکن اگر کوئی شخص جاۓنماز گھر سے لانا چاہتا ہے تو اس کو اجازت ہوگی۔ مساجد میں اجتماعی اعتکاف پر پابندی عائد ہوگی تاہم اپنے گھروں میں اعتکاف کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ مساجد میں ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی پرہیز کیا جائے گا۔
نوٹیفیکیشن میں مزید لکھا گیا ہےکہ مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔