فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے ، ترجمان پاک فوج

فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے ، ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فوج کو سیاسی معاملات میں نہ آنے کی ضرورت ہے، نہ گھیسٹنے کی کوشش کرنی چاہیے، کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، ہمیں اس معاملے سے دور رکھا جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ جس نوعیت کے الزامات لگائے جارہے ہیں ان میں کوئی وزن نہیں، حکومت وقت نے فوج کو الیکشن کرانے کی ذمہ داری سونپی، فوج نے پوری ذمہ داری اور دیانتداری سے الیکشن کرائے، پھر بھی کوئی شک ہے تو متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائے، الزامات لگانا اچھی بات نہیں ،فوج حکومت کا ذیلی ادارہ ہے،حکومت تمام الزامات کا بہتر انداز میں جواب دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال پاکستان کے لیے ہر لحاظ سے بہت چیلنجنگ رہے، اگر 2020 کی بات کی جائے تو اس سال سیکیورٹی چیلنجز کے علاوہ لوکسٹ (ٹڈی کے حملے) اور کووڈ جیسی عالمی وبا نے بھی پاکستان کی معیشت اور فوڈ سیکیورٹی کو خطرے میں ڈالے رکھا۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلی دہائی میں ایک طرف مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی شرانگیزیاں جاری تھیں تو دوسری جانب مغربی سرحد پر کالعدم دہشتگرد نتظیموں ، ان کے جوڑ توڑ اور پشت پناہی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا تھا۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود تمام اداروں اور پوری قوم نے متحد ہو کر مشکلات کا سامنا کیا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد پر قبائلی علاقوں میں امن و امان بحال کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں سماجی و معاشی اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے، پاک افغان اور پاک ایران سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے گئے اور دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کے نتیجے میں ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر رہی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *