پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل پاکستان ون ڈے کپ سے ڈراپ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے ناراض دکھائی دئیے ،انہوں نے کہا کہ اپنے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کو اللّٰہ پر چھوڑتا ہوں۔
کامران اکمل نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’کارکردگی دکھانے کے باوجود پاکستان کپ سے ڈراپ کیے جانے پر حیران ہوں، بطور سینئر کھلاڑی کارکردگی دکھانے کے باوجود میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کو ٹیگ کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں۔
کامران اکمل نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ میرا جنون ہے اور میں کھیلنا چاہتا ہوں لیکن میں اب اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں‘۔
خیال رہے کہ کامران اکمل کو پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے سینٹرل پنجاب میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ 33 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا ۔ میچز کراچی کے تین وینیوز این بی پی سپورٹس کمپلیکس ، سٹیٹ بنک سٹیڈیم اور یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے ۔ سٹیٹ بنک سٹیڈیم 29 اور 30 جنوری کو سیمی فائنلز اور 31 جنوری کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔ ٹورنامنٹ میں تقریبا 1 کروڑ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔