پی آئی اے کا طیارہ افغانستان میں لینڈنگ کئے بغیر واپس پاکستان لوٹ آیا

پی آئی اے کا طیارہ افغانستان میں لینڈنگ کئے بغیر واپس پاکستان لوٹ آیا

ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرویز (پی آئی اے) کا طیارہ پاکستانی وفد کو افغانستان کے شہر کابل میں لے کر گیا تھا مگر ایئرپورٹ پر بنا لینڈنگ کئے واپس اسلام آباد پلٹ آیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایک وفد جس کی قیادت قومی اسمبلی کے ا سپیکر اسد قیصر کر رہے تھے پاکستان ایئر ویز کے طیارہ کے پی 249 کے ذریعے افغانستان کے شہر کابل کی طرف روانہ ہوئے تھے۔ طیارہ صبح 10 بج کر20 منٹ پر اسلام آباد سے کابل کی طرف روانہ ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ جب کابل ایئرپورٹ کی حدود میں 28 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا تو پی آئی اے کے پائلٹس نے کابل ایئرپورٹ کے انتظامیہ سے لینڈنگ کی اجازت مانگی جس پر انتظامیہ کی جانب سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سکیورٹی خدشات کے باعث لینڈنگ کی اجازت نہیں دے سکتے اسی لئے آپ اسی بلندی پر انتظار کریں۔

ذرائع کے مطابق کابل ایئرپورٹ نظامیہ کی جانب سے پی آئی اے کے پائلٹ سے پوچھا گیا کہ وہ کتنی دیر تک طیارے کوہولڈ کر سکتا ہے جس کے جواب میں پی آئی اے کے پائلٹ کا کہنا تھا کہ اگر قابل ایئرپورٹ پر فیول دستیاب ہو تو ایک گھنٹے تک ہولڈ کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 40 سے 42 منٹ انتظار کے بعد کابل ایئر پورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے پی آئی اے کی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی مگر جب طیارہ 17 ہزار فٹ نیچے آ چکا تھا تو ایک بار پھر سیکیورٹی خدشات کو ظاہر کرتے ہوئے کابل ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے پی آئی اے کے طیارے کو لینڈنگ نہ کرانے کی ہدایت جاری کردی گئی اور طیارے کو ہولڈ کر کے مزید انتظار کرنے کا کہا گیا۔

پی آئی اے کی پرواز کے کپتان نے پاکستان ایئر ویز سے رابطہ کیا اور ان سے ہدایات مانگی کہ فیول تیزی سے ختم ہو رہا ہے اب کیا کرنا چاہیے جس پر پاکستان ایئر ویز کی انتظامیہ نے طیارے کو واپس اسلام آباد لانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

پاکستانی حدود میں داخل ہوتے وقت طیارے کو کابل ایئرپورٹ کے انتظامیہ سے پیغام ملا کے ایئرپورٹ کو لینڈنگ کے لیے کھول دیا گیا ہے لیکن پی آئی اے کی انتظامیہ کی جانب سے ہدایات جاری کر دی گئیں کہ طیارے کو اسلام آباد میں لینڈنگ کرا دی جائے۔

بعد ازاں کابل ایئر پورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تعمیرات کے دوران رن وے کے قریب کچھ دھماکہ خیز مواد ملا ہے جس کو ناکارہ کرنے کے سلسلے میں ایئرپورٹ پر طیارے کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *