شریف خاندان کو ایک اور جھٹکا،127کنال زمین کا انتقال منسوخ کر دیا گیا

شریف خاندان کو ایک اور جھٹکا،127کنال زمین کا انتقال منسوخ کر دیا گیا

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے شریف برادران کی رائیونڈ رہائش گاہ میں موجود 127 کنال اراضی کا انتقال منسوخ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے شریف برادران کے نام زمینوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے رائیونڈ میں موجود 127 کنال کی زمین کا انتقال منسوخ کر دیا ہے۔ 127 کنال کی یہ اراضی دراصل موضع مانک رائے ونڈ میں شریف خاندان کی رہائش گاہ کا مرکزی حصہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 127 کنال کی زمین مرحومہ بیگم شمیم کے نام پر تھی جو کہ اب پنجاب حکومت کے نام پر منتقل کر دی گئی ہے اور اس کے متعلق اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کو ہدایات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کی جانب سے اوقاف کی زمینوں پر قبضہ بنایا گیا ہے تاہم پنجاب ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو کھلی آزادی ہے کہ وہ جب چاہے قبضہ چھڑوانے کے لیے کاروائی کر سکتا ہے۔

دوسری جانب شریف خاندان کا موقف سامنے آیا ہے کہ حکومت پاکستان ان کے خلاف طرح طرح کے جھوٹے پروپگنڈے کر رہی ہے اور جاتی عمرہ کی رہائش گاہوں کو گرانے کے لیے جھوٹے دستاویزات تیار کیے جا رہے ہیں۔ شریف خاندان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اراضی انہوں نے سن 1992، 1997 اور 2015 میں خریدی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عمل میں آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن سربراہ خاندان شریف فیملی شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے شریف خاندان کو تمام تر اراضی اور جائیدادوں کا ریکارڈ دکھانے کیلئے شروع سے کہا جا رہا ہے۔ منی لانڈرنگ اور دیگر کرپشن کیسز کے سلسلے میں نواز شریف اور شہباز شریف جیل بھی جا چکے ہیں۔ اس وقت مسلم لیگ نواز کے سربراہ نواز شریف برطانیہ میں اپنا علاج کروانے کی غرض سے موجود ہیں اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی گزشتہ روز ہی ضمانت منظور ہوئی ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *