آکسیجن کی فراہمی کو روکنا نامناسب بات ہے: وفاقی وزیر فواد چودھری

آکسیجن کی فراہمی کو روکنا نامناسب بات ہے: وفاقی وزیر فواد چودھری

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج میں موجود مظاہرین کی جانب سے آکسیجن کی سپلائی کو روکنا نا مناسب بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کی جانب سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 4100 مریض ایسے ہیں جن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اگر مظاہرین ان کے لئے آنے والی اس آکسیجن کو بھی روکتے ہیں تو یہ نامناسب بات ہے۔ آکسیجن سلنڈرز کی رسائی میں رکاوٹ اور کمی کی وجہ سے کرونا وائرس کے مریض بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے مظاہروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی گروپ کو ڈکٹیٹ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ریاست میں بسنے والے لوگ ہیں اور ایک ریاست کبھی بھی اپنے فیصلے گروہوں پر نہیں چھوڑتی۔ پاکستان کی ریاست نے اپنے فیصلے خود کرنے ہوتے ہیں۔ کسی بھی پارٹی یا کسی بھی گروہ کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ وہ پاکستان کو ڈکٹیٹ کرسکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مظاہرین اپنے مطالبات جمہوری طریقے سے ریاست کے سامنے رکھ سکتے ہیں جس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔ اگر ہر گروہ اور پارٹی کو فیصلہ کرنے کی اجازت دے دی جائے تو ریاست پاکستان بکھر جائے گی۔ ان مظاہروں اور دھرنوں کی وجہ سے آکسیجن سلنڈرز موومنٹ متاثر ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کی جانب سے تحریک لبیک کے سربراہ مولانا سعد رضوی کو گرفتار کرنے پر دھرنے اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ ملک پاکستان کے تمام مشہور شاہراوؤں کو بند کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے آمدورفت کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا تھا۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور جس کی وجہ سے دو پولیس اہلکار عوامی تشدد کو برداشت نہ کرتے ہوئے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *