پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس قیصر رشید خان کی سربراہی میں ٹک ٹاک کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی
اس سلسلے میں ڈی جی پی ٹی اے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور درخواست گزار کی وکیل نازش مظفر اور سارہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ ٹک ٹاک پر اپ لوڈ ہونے والی ویڈیوز ہمارے معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں ہے،
ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں اس سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے اس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
ڈی جی پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ٹک ٹاک کے عہدیداروں کو درخواست دی ہے لیکن ابھی کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔
جس پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا کہنا تھا جب تک ٹک ٹاک کے عہدیدار آپ کی درخواست پر عمل نہیں کرتے اس وقت تک ٹک ٹاک بند کر دی جائے۔