ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ارد گرد کچھ لوگ ایسے ہیں جو جہانگیر ترین کو ٹارگٹ کر رہے ہیں حالانکہ جہانگیرترین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ لوگ جہانگیر ترین کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ہمیں بلیک میلر کہا جا رہا ہے مگر ہم بلیک میلر نہیں ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں لیکن ہمارے لیڈر اور کپتان عمران خان ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 ایم پی ایز اور 8 ایم این ایز پی ٹی آئی کے قائد جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ ہم وزیراعظم عمران خان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں کا جائزہ لیں۔ آپ کے اردگرد کچھ لوگ ایسے ہیں جو جہانگیر ترین کے خلاف سازشیں کر کے جھوٹے مقدمات بنا رہے ہیں۔ آپ کے اردگرد کے افراد میں سے ہی جہانگیر ترین کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔
رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ اصل میں پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ہمیں بلیک میلر نہ سمجھا جائے ہم پی ٹی آئی کے ہمدردوں میں سے ہیں۔ ہم ان لوگوں میں سے ہیں جو حکومت پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ، وزیراعظم صاحب غصہ کرنے اور جذباتی ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انکوائری کرنے والے لوگ ایماندار ہوں۔ہم ہر وقت عدالت کے لیےحاضر ہیں۔ فیصلہ آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔