راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں بجلی کے مسائل کا 15سال سے سامناہے، بجلی کے معاملے پر گزشتہ حکومتوں سے غلطیاں ہوئیں، انہیں بھی واٹس ایپ پر پیغام ملا ہے، واٹس ایپ کا مسئلہ صرف پرائیویسی سے متعلق نہیں بلکہ دنیا کا دارومدار ڈیٹا پر ہے، ہرانسان کو ڈیٹا کے حوالے سے تحفظ چاہیے ، ہم نے اس حوالے سے نیا قانونی مسودہ تیار کرلیا ہے جسے منظوری کے لیے کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ صنعتیں بحال ہوں گی تو روزگار بھی ملیں گے لیکن ہمیں متبادل مارکیٹس کو ذہن میں رکھنا ہے، مستقبل قریب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس بہت سے شعبوں میں جدت لے کر آئے گی، ڈاکٹرز کے اب دس پندرہ سال ہیں اس کے بعد آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے ڈاکٹرز کا رہنا مشکل ہوجائے گا، جدید ڈاکٹر موجودہ ڈاکٹر سے ہزار گنا زیادہ موثر ہوگا، بائیو ٹیک مارکیٹ سے حیران کُن اشیاء تیار کی جاسکیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں پاکستان خود کفیل ہورہا ہے، ہم پہلے تھرمامیٹر تک نہیں بناتے تھے لیکن آج وینٹی لیٹرز بنارہے ہیں،بہت جلد ہم ڈائلیسزمشین بنائیں گے۔ راولپنڈی میں 60 ہزار لوگ ڈرائیونگ سے وابستہ ہیں، ڈرائیور لیس گاڑیوں سے ہمارے ہزاروں ڈرائیورز بے روزگار ہوجائیں گے لیکن ہمیں ہزاروں ڈیٹا انجنیئرز درکار ہوں گے۔ الیکٹرک گاڑیاں آنے کے بعد ہزاروں لوگ بےروزگار ہوجائیں گے، انجن ٹھیک کرنے والوں الیکٹرک کار ٹھیک کرنے کی تربیت لینی چاہیے،ہم الیکٹرک گاڑیوں کی مرمت کے حوالے سے لوگوں کو تربیت دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سال کوشش ہوگی کہ ہم اپنے اسرکاری اسکولوں میں نویں سے بارویں تک سکالرشپ دیں، میٹرک میں ٹاپ کرنے والوں کو 10 ہزار جب کہ انٹر میں ٹاپ کرنے والوں کو 12 ہزار کی اسکالر شپ دیں گے جب کہ ریاضی میں ٹاپ کرنے والوں کو الگ سے اسکالرشپس دی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام اپوزیشن کرنا ہوتا ہے لیکن ان کی تحریک کا اخلاقی جواز نہیں ہے ، یہ ابو بچاؤ مہم ہے جو ناکام ہوچُکی ہے، پاکستان کے لوگوں نے ان کا کہیں بھی تعاون نہیں کیا، کسی بھی تحریک کا اگر اخلاقی جواز نہ ہو تو وہ کھڑا نہیں ہوسکتی، اس وجہ سے ان کے جلسے تمام شہروں میں بُری طرح ناکام ہوا۔
نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے سے پی ٹی آئی کے بیانیے کو دھچکا پہنچا ہے،جس طرح وہ بیرون ملک گئے وہ عوام اور ریاست کی توہین ہے، پنجاب حکومت کو اس پر انکوائری کرنی چاہیے کہ نواز شریف باہر کیسے گئے، وزارت داخلہ کو نواز شریف کو واپس لانا چاہیے