ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی طرح سندھ حکومت کی جانب سے بھی دو سالہ ڈگری پروگرام کو غیر مستند قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی طرح سندھ حکومت کی جانب سے بھی سندھ ہائی کورٹ کے ایک فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے یہ نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے کہ اب وہ طلباء جنہوں نے انٹرمیڈیٹ پاس کی ہے وہ اب بیچلر ڈگری پروگرام میں داخلہ نہیں لے پائیں گے کیونکہ بیچلر پروگرام کو ختم کر دیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ وہ طلبا جنوں نے حالیہ میں بیچلر ڈگری پروگرام پاس کر لیا ہے اب ان کو دو سالہ ماسٹر ڈگری کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ بیچلر ڈگری ہولڈر طلباء اب ایم فل پروگرام میں داخلہ لیں گے۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ ایگزام پاس کرنے والے تمام طلباء کو تعلیم جاری رکھنے کے لیے تمام الحاق شدہ کالجز میں چار سالہ بی ایس پروگرام میں داخلہ لینا ہوگا۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبہ میں انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والے طلباء کے لیے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کا دورانیہ 2 سال ہوگا۔
واضح رہے کہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اور چار سالہ بی ایس پروگرام سمسٹر سسٹم پر مبنی ہوگا۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت اس فیصلے پر پہلے سے ہی عمل کر چکی ہے جس کی بدولت پنجاب کے تمام تر کالجز میں دو سالہ بیچلر اور 2 سالہ ماسٹر پروگرام کو ختم کر دیا گیا تھا۔