سوشل میڈیا پر جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام کالجز اور یونیورسٹیز کو پندرہ ستمبر سے کھول دیا جائے گا۔ اسکول کی کلاسز میں فی الحال 15 ستمبر کو نویں اور دسویں جماعت کو بلایا جائے گا۔6 سے 8کلاس کو 22 ستمبر کو بلایا جائے گا۔
مراد راس کا کہنا تھاکہ نرسری سے 5 ویں جماعت کو 30 ستمبر سے بلایا جائے گا، تاہم اس دوران اسکولز میں ڈبل شفٹ نہیں ہوںگی۔ ایک دن جماعت کے آدھے سٹوڈنٹس اور اگلے روز باقی سٹوڈنٹس کو بلایا جائے گا۔
آج 7 ستمبر کو وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ وزارت تعلیم تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی ٹریننگ کو یقینی بنائے گی اور تعلیمی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس رکھے گی ۔
آج اجلاس میں بچوں کے لئے گھر سے ماسک پہن کر آنا لازمی قرار دیا گیا۔