حکومت نے ملک میں گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندیاں اور چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اتوار 7 جون کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گندم اور آٹے کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کےخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی درآمد کی اجازت ہوگی اور درآمد کی مقدار پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ ملک میں گندم کی درآمد پر عائد ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔ گندم اور آٹے کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں گندم کی پیداوار، گندم کی خرید اور موجود اسٹاک کا جائزہ بھی لیا گیا.
واضح رہے کہ ہر سال بہت مقدار میں گندم ملک سے باہر اسمگل کی جاتی ہے جس سے گندم کی مجموعی مقدار میں کمی واقع ہوتی ہے اور گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور غریب مزدور آدمی پس کر رہ جاتا ہے۔