ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ آج سے رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات ڈی جی اینٹی کرپشن کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے حکم جاری کیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات اب ڈی جی اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس کو سونپ دی گئیں ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے ڈی جی اینٹی کرپشن کا حکم دیا گیا ہے کہ وہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے وسیع البنیاد کمیٹی کی تشکیل کریں اور اس کمیٹی کی مدد سے جامع انکوائری رپورٹ مرتب کریں۔
ذرائع کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس کمیٹی میں متعلقہ ماہرین کو بھی شامل کریں۔
ترجمان پنجاب حکومت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت پنجاب میں کسی بھی قسم کی کرپشن پر زیرو ٹالرنس کے نظریے پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب میں جو بھی کرپشن کرے گا وہ اپنے انجام سے نہیں بچ پائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں ملوث تمام تر مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات کا چوہدری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں کرپشن حکومت پاکستان کی جانب سے پکڑ کر نیب کے حوالے کی گئیں تاکہ وہ انکوائری کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے خریدی گئی زمین میں ڈھائی ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ رنگ روڈ اسکینڈل میں چوہدری تنویر، توقیر شاہ اور ایاز صادق کا نام سامنے آیا ہے۔ مزید انکوائری کی گئی تو مزید لوگوں کے نام سامنے آئیں گے۔