وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیت المقدس ہمارے لیے توحید کی علامت ہے اور اسے جس طرح نشانہ بناکر اس کی بیحرمتی کی گئی وہ دنیا بھر کے مسلمانوں اور مذہبی آزادی پر یقین رکھنے والوں کے لئے ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آج رات ترکی روانہ ہورہا ہوں فلسطین اور سوڈان کے وزیر خارجہ بھی ترکی آرہے ہیں 4 ممالک کے وزیر خارجہ ترکی سے نیو یارک جائیں گے جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کریں گے
انہوں نے بتایا کہ پاک ترک وزرائے خارجہ اقوام متحدہ میں فلسطین کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ذمہ داری فلسطین میں سیز فائر کرانا ہے۔ سلامتی کونسل اور او آئی سی میں پاکستان کے تاریخی موقف پر رجحان بڑا واضح دکھائی دے رہا تھا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 16 مئی کو فلسطین کے حوالے سے دو اہم اجلاس منعقد کیے گئے تھے۔ ان میں سے ایک او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی فارن منسٹر کا اجلاس جبکہ دوسرا اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس تھا۔ سیکیورٹی کونسل اجلاس کو چین کے وزیر خارجہ نے چیئر کیا۔
شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ کو خراج تحسین پیش کی اور کہا کہ چین نے سلامتی کونسل کو یکجا کرنے کی کوشش کی۔ سلامتی کونسل کے تمام ممبران قائل ہو چکے تھے لیکن بدقسمتی سے امریکا نے ویٹو کرکے راستے میں رکاوٹ ڈالی
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کا گزشتہ روز ہونے والا اجلاس ایک قوت کے وجہ سے نہ ہوسکا جس سے لوگوں کو مایوسی ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ بھی منگل کو مل رہے ہیں اور یہ بات زیرغور ہے کہ سلامتی کونسل کا ہنگہامی اجلاس بلایا جاے
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کو روکنے میں امریکا کو کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اگر کوئی اسرئیل پر اثرانداز ہوسکتاہے تو وہ امریکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے امریکی میڈیا کے دفتر کو بھی نشانہ بنایا ہے
واضح رہے کہ گزشتہ آٹھ روز سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کی وجہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہونے والی اموات کی تعداد 192 ہوگئی جبکہ 1230 افراد زخمی ہیں۔
اس کے علاوہ غزہ میں بمباری کےنتیجے میں الجزیرہ، ایسوسیٹڈ پریس اور مڈل ایسٹ آئی کے میڈیا ہاؤسز تباہ کیے جاچکے ہیں
اسرائیل کے مطابق گذشتہ پیر سے جاری اس کشیدگی میں راکٹ حملوں کے نتیجے میں دو بچوں سمیت اس کے دس شہری ہلاک ہوئے ہیں۔