ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے نام ایک پیغام لکھا گیا ہے۔ اس پیغام میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی جانب سے فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے متعلق اطلاع دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے نام پیغام میں لکھا گیا ہے کہ غزہ کے معاملے کو تنازعے کا نام نہ دیا جائے یہ درحقیقت قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کا قتل عام ہے۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی جانب سے جنرل سیکرٹری آف یونائیٹڈ نیشنز کو واضح پیغام میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کو فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا چیپٹر نمبر سات یاد رکھا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر ظلم و ستم کیا جارہا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے کیے گئے حملوں میں اب تک فلسطین کے 140 افراد شہادت کا جام پی چکے ہیں اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 850 سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز پچھلے کئی سالوں سے فلسطینی لوگوں پر ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں تاہم اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے علمبردار ان واقعات پر مکمل طور پر خاموش نظر آتے ہیں۔