ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل پشاور موٹروے پر گاڑی کی ٹکر کی زد میں آنے والا اہلکار انتقال کر گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل پشاور موٹروے پر ٹول پلازہ کے پاس عدیل نامی اہلکار نے ایک تیز رفتار گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم گاڑی والے نے گاڑی روکنے کی بجائے پولیس اہلکار پر ہی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں اہلکار شدید زخمی ہو گیا تھا اور اسے علاج اور دیکھ بھال کے لئے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا تھا تاہم زخموں کی شدت کو برداشت نہ کرتے ہوئے اہلکار عدیل آخرکار دم توڑ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار کو گاڑی سے کچلنے والے شخص کا نام جنید ہے جو کہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔ ملزم جنید کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ وہ اسلام آباد سے پشاور افطاری کے لئے جا رہا تھا تاہم رستے میں گاڑی کی بریک خراب ہونے کے باعث گاڑی کنٹرول سے باہر ہوگئی تھی پولیس اہلکار کی جانب سے سامنے آکر گاڑی کو روکا گیا تھا تاہم گاڑی نہ روک سکی اور پولیس اہلکار گاڑی سے ٹکر کھا کر شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ چکی تھی۔ جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں عدیل سڑک کے بالکل بائیں جانب ہو کر گاڑی کو روکنے کا اشارہ کر رہے ہیں تاہم گاڑی کے ڈرائیور نے گاڑی موڑ کر پولیس اہلکار کے اوپر چڑھا دی تھی۔ پولیس اہلکار کو کچلنے کے بعد گاڑی کے ڈرائیور جنید نے بھاگنے کی کوشش کی تھی تاہم رستہ نہ ملنے کی وجہ سے گاڑیوں کی بڑی اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ جان بوجھ کر دوسرے افراد کو گاڑی سے کچلنے والے لوگوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے کیونکہ پاکستان میں اس طرح کے چند واقعات سامنے آئے ہیں جن کے ملزمان پولیس اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کے بعد بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔