ذرائع کے مطابق شوگر اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے ایک اور بڑی شخصیت کو طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سےشوگر اسکینڈل کیس میں پنجاب کے صوبائی وزیر محسن لغاری کو چار مئی کو تمام ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم جاری کردیاگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن لغاری کو 4 مئی کو راولپنڈی کے نیب آفس میں طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب کی طرف سے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم صوبائی وزیر محسن لغاری سے تفتیش کرے گی۔ نیب کی جانب سے محسن لغاری کو 2018 سے 2019 تک شوگر پر دی گئی سبسڈی کا ریکارڈ بھی ساتھ لانے کا حکم جاری کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ نیب کی جانب سے محسن لغاری کو ایکسپورٹ کے اجازت نامہ کا ریکارڈ بھی جمع کروانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے گزشتہ ہفتے کین کمشنر اور چیف سیکرٹری کے آفس کا دورہ کیا گیا تھا۔ دورے کے دوران نیب افسران کی جانب سے ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا تھا۔ نیب کی جانب سے صوبائی وزیر سے پنجاب کی شوگر ملز کو دی گئی سبسڈی کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب شوگر اسکینڈل کیس کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ نیب کی جانب سے شوگر اسکینڈل میں گزشتہ روز بھی دو وزراءکو طلب کر لیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک صوبائی وزیر پنجاب میاں محمد اسلم ہے اور دوسرے سابق صوبائی وزیر برائے خوراک سمیع اللہ کو طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میاں محمد اسلم کو بھی 2018 سے 2019 تک دی گئی شوگر سبسڈی کا ریکارڈ لانے کا کہا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ شوگر ایکسپورٹ کے اجازت نامے کی منظوری کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔