ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے ظلم و جبر کا نشانہ بناتے ہوئے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقہ سری نگر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کو بڑھاوا دیتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے تینوں نوجوانوں کو اسلام آباد نامی علاقے میں فائرنگ کرکے شہید کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقے اسلام آباد میں بھارتی فورسز کی جانب سے تمام حدیں پار کر دی گئی۔ نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فورسز کے اہلکار دیوار پھلانگ کر لوگوں کے گھر گھس آئے اور پورے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی فورسز ابھی بھی سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے علاقے میں موبائل سروس کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی علاقے میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے اسی طرح معصوم کشمیری نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے اور پھر بعد میں شہید کردیا جاتا ہے۔ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے کے باوجود بھی بھارتی فورسز کی اکڑ میں کمی نہیں آئی ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز اپنا ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہیں۔